چور زیرِ زمین دفن ہو گیا، بینک لوٹنے کا ارادہ کرنے والا ملزم الٹا خود ہی کیسے سرنگ میں پھنس گیا؟

روزنامہ اوصاف  |  Aug 13, 2022

اطالوی پولیس نے بینک لوٹنے کے خواہش مند ایک ایسے مشتبہ ملزم کو بروقت مدد کر کےبچا لیا جو ایک سرنگ میں پھنس گیا تھا۔ یہ ملزم اور اس کے ساتھی ایک قریبی بینک کے اندر پہنچنے کے لیے سرنگ کھود رہے تھے جو اچانک بیٹھ گئی تھی۔ روم سے جمعہ بارہ اگست کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ اطالوی دارالحکومت کے مغربی حصے میں ویٹیکن سٹی کے قریب پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ مشتبہ ملزم اور اس کے ساتھی روم شہر کے متعلقہ حصے میں ایک بڑی شاہراہ کے نیچے سرنگ کھود رہے تھے تاکہ ایک قریبی بینک کے اندر تک پہنچ کر اسے لوٹ سکیں۔لیکن اس کھدائی کے دوران اس سرنگ کا ایک حصہ بیٹھ گیا اور اس گینگ کا کم از کم ایک رکن اس بیٹھی ہوئی سرنگ میں پھنس کر رہ گیا۔ اسے فائر بریگیڈ کے کارکنوں نے آٹھ گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد اس سرنگ سے زندہ نکالا، جس کے بعد علاج کے لیے اسے ایک قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔چار ملزمان گرفتار،روم پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس گینگ کا بینک لوٹنے کا ارادہ تو ان کا مشتبہ مجرمانہ منصوبہ تھا، جس سے وہ انکاری ہیں تاہم اس گینگ کے چار افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق، ''ان ملزمان میں سے دو شہر نیپلز کے رہنے والے ہیں جنہیں سرکاری اہلکاروں کے کام میں رکاوٹیں ڈالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا جبکہ روم شہر کے رہائشی دو دیگر ملزمان کو عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘‘جس ملزم کو پولیس اور فائر بریگیڈ کے کارکنوں نے منہدم ہو جانے والی سرنگ سے نکالا، وہ روم کے انہی دو شہریوں میں سے ایک ہے، جو قانونی طور پر اب پولیس کی حراست میں ہیں۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ہسپتال میں زیر علاج ملزم بھی قانوناﹰ ہے تو پولیس کی حراست میں لیکن زخمی ہونے کی وجہ سے فی الحال اس کا علاج کرایا جا رہا ہے۔ پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ یہ ملزم کتنا زخمی ہے۔اطالوی اخبارات کی طنزیہ رپورٹنگ،متعدد اطالوی اخبارات میں اس واقعے کی جمعے کے روز شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق ملزمان سرنگ کھود کر ایک قریبی بینک لوٹنا چاہتے تھے، ان کا یہ ارادہ کسی بھی شبے سے بالا تر ہے۔ اس لیے کہ ایک تو جو سرنگ بیٹھ گئی، وہ مغربی روم میں ایک قریبی بینک تک پہنچنے کے لیے کھودی جا رہی تھی۔ دوسرے یہ کہ تیرہ سے پندرہ اگست تک اٹلی میں ایک ایسا طویل ویک اینڈ ہو گا، جس دوران مقامی باشندے عام طور پر چھٹیاں منانے کے لیے شہر سے باہر چلے جاتے ہیں اور روم شہر زیادہ تر خالی ہو جاتا ہے۔اس بارے میں اطالوی اخبارات کی سرخیاں بھی کافی دلچسپ تھیں۔ اخبار کوری ایرے دے لا سیرا نے اس گروہ کو 'زیر زمین سرنگ والا گینگ‘ لکھا تو اخبار لا سٹامپا نے لکھا، ''انہوں نے ایک بینک کو لوٹنے کے لیے سرنگ کھودی مگر ان میں سے ایک زیر زمین دفن ہو کر رہ گیا، جسے فائر بریگیڈ نے بچایا۔‘‘سرنگ کھودنے کے لیے کرائے پر لی گئی دکا ن،اطالوی میڈیا کے مطابق ان ملزمان نے ایک قریبی بینک کی طرف جانے والی جو سرنگ کھودی، وہ اسی علاقے میں ایک ایسی دکان کے نیچے سے شروع ہوتی تھی، جسے حال ہی میں کرائے پر لیا گیا تھا۔جس عمارت میں یہ دکان واقع ہے، اسی عمارت کے ایک رہائشی نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ''ہم سمجھے تھے کہ وہ اس دکان کی آرائش و مرمت کر رہے ہیں۔ ہمیں کوئی شبہ تک نہ ہوا۔ انہوں نے کبھی شور بھی نہیں کیا تھا۔ ہمیں کیا علم تھا کہ اس دکان کے نیچے سرنگ کھودی جا رہی تھی۔‘‘دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ سرنگ میں پھنس جانے والے مشتبہ ملزم نے فوری مدد کے لیے پولیس کے ایمرجنسی نمبر پر فون بھی خود ہی کیا تھا۔
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More