تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں، ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی شہروں کو ’جنگی علاقے‘ قرار دے دیا

اردو نیوز  |  Oct 06, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے مقامی ڈیموکریٹ رہنماؤں کی مخالفت کے باوجود شکاگو کو ’جنگی علاقہ‘ قرار دیا ہے تاکہ فوجی دستے تعینات کیے جا سکیں، جبکہ ایک جج نے ڈیموکریٹ کے زیرانتظام  ایک اور شہر میں فوجی تعیناتی کو روک دیا ہے۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ڈیموکریٹس صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرائم اور امیگریشن کے خلاف سخت کارروائیوں کو آمرانہ اختیارات حاصل کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔

نئے تنازعے میں صدر ٹرمپ نے سنیچر کی رات شکاگو میں تین سو نیشنل گارڈز کی تعیناتی کی منظوری دی جو امریکہ کا تیسرا بڑا شہر ہے، حالانکہ شہر کی میئر اور ریاستی گورنر جے بی پرٹزکر سمیت منتخب نمائندے اس اقدام کی مخالفت کر رہے ہیں۔

ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے اتوار کو فاکس نیوز پر اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’شکاگو ایک جنگی علاقہ ہے۔‘

تاہم گورنر پرٹزکر نے سی این این کے پروگرام ’سٹیٹ آف دی یونین‘ میں کہا کہ ریپبلکنز ’افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ وہ خود جنگی ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ مزید فوجی بھیج سکیں۔‘

اتوار کو جاری کردہ سی بی ایس کے ایک سروے کے مطابق 42 فیصد امریکی شہری شہروں میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی کے حق میں ہیں، جبکہ 58 فیصد اس کی مخالفت کرتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے گذشتہ منگل کو ’اندرونی جنگ‘ کے لیے فوج کے استعمال کی بات کی تھی اور وہ اپنی سخت گیر مہم سے پیچھے ہٹنے کے کوئی آثار نہیں دکھا رہے۔

اتوار کو ایک دعوے میں انہوں نے کہا کہ ’پورٹ لینڈ جل رہا ہے۔ ہر طرف بغاوت کرنے والے ہیں۔‘

صدر کے مشیر سٹیفن ملر نے جج کے فیصلے کو ’قانونی بغاوت‘ قرار دیا (فوٹو: اے ایف پی)صدر کے قریبی اتحادی اور ایوان نمائندگان کے سپیکر مائیک جانسن نے بھی اتوار کو این بی سی کے ’میٹ دی پریس‘ پروگرام میں صدر کے بیانیے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ڈی سی میں تعینات نیشنل گارڈز نے ’حقیقی جنگی علاقے‘ کا سامنا کیا۔

تاہم صدر ٹرمپ کی اندرون ملک فوجی تعیناتی کی مہم کو سنیچر کی رات پورٹ لینڈ میں ایک جھٹکا لگا جب ایک عدالت نے اس تعیناتی کو غیرقانونی قرار دے دیا۔

اگرچہ پورٹ لینڈ میں وفاقی افسران اور املاک پر کچھ حملے ہوئے ہیں، لیکن ٹرمپ انتظامیہ یہ ثابت کرنے میں ناکام رہی کہ ’یہ پرتشدد واقعات حکومت کا تختہ الٹنے کی منظم کوشش کا حصہ تھے۔‘

صدر کے مشیر سٹیفن ملر نے جج کے فیصلے کو ’قانونی بغاوت‘ قرار دیا۔

شکاگو میں فائرنگ کا واقعہفوجی تعیناتی کے علاوہ ٹرمپ کی سخت کارروائیوں کی قیادت امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کر رہی ہے جس کے اختیارات اور عملے میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

شکاگو میں کئی دنوں سے جاری کشیدگی اس وقت پرتشدد ہوگئی جب ایک وفاقی افسر نے کار سوار کو گولی مار دی (فوٹو: اے ایف پی)آئی سی ای کی چھاپہ مار کارروائیاں، خاص طور پر ڈیموکریٹ زیر انتظام شہروں میں، مسلح افراد گاڑیوں اور بکتر بند گاڑیوں میں رہائشی علاقوں اور کاروباروں کو نشانہ بنا رہے ہیں جس سے مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔

شکاگو میں کئی دنوں سے جاری کشیدگی سنیچر کو اس وقت پرتشدد ہو گئی جب ایک وفاقی افسر نے ایک کار سوار کو گولی مار دی، جس کے بارے میں محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ وہ مسلح تھا اور اس نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More