سورج کے طوفان سے عورتوں میں دل کے دورے کا خطرہ 3 گنا کیسے بڑھ گیا؟ چونکا دینے والی تحقیق

ہماری ویب  |  Oct 06, 2025

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زمین پر سورج کے بڑھتے ہوئے طوفان دل کے امراض خصوصاً ہارٹ اٹیک کے کیسز میں خطرناک اضافہ کر سکتے ہیں۔ یہ تحقیق برازیل کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسپیس ریسرچ (INPE) کے سائنسدانوں نے کی ہے۔

تحقیق کے مطابق جب سورج سے آنے والے ذرات زمین کے مقناطیسی ڈھانچے کو متاثر کرتے ہیں تو خواتین میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ تقریباً تین گنا بڑھ جاتا ہے۔ زمین کا یہ مقناطیسی نظام دراصل ایک ڈھال ہے جو ہمیں سورج کی خطرناک شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے اور پرندوں سمیت دیگر جانداروں کو ہجرت کے دوران راستہ دکھاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج کی یہ سرگرمیاں انسانی جسم کے قدرتی نظام کو بھی متاثر کر دیتی ہیں، جیسے دل کی دھڑکن، ہارمونز کا توازن اور جسم کا دباؤ برداشت کرنے والا نظام۔ مقناطیسی طوفان دماغی لہروں کو متاثر کرتے ہیں جس سے میلاٹونن اور سیروٹونن جیسے ہارمونز کا توازن بگڑ سکتا ہے۔ یہ ہارمونز دل کی کارکردگی اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس تحقیق میں 1998 سے 2005 تک کے اسپتالوں کے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا جس میں 1340 مریض شامل تھے۔ نتائج نے بتایا کہ خاص طور پر 31 سے 60 سال کی خواتین ان طوفانوں کے دوران سب سے زیادہ متاثر ہوئیں۔

ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ اگرچہ مردوں میں مجموعی طور پر ہارٹ اٹیک کی شرح زیادہ ہے، لیکن خواتین پر سورج کے طوفان کا اثر زیادہ شدید ہوتا ہے۔

سورج کی سطح پر دھماکے اور ذرات کے اخراج کو سولر فلیئر اور "کورونل ماس ایجیکشن" کہا جاتا ہے۔ جب یہ ذرات زمین سے ٹکراتے ہیں تو نہ صرف مقناطیسی فیلڈ متاثر ہوتا ہے بلکہ بجلی کے بریک ڈاؤن، سیٹلائٹ سسٹمز اور کمیونیکیشن نیٹ ورکس بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں سورج کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں مزید خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں، اس لیے اس حوالے سے پیشگی نظام بنانے کی ضرورت ہے تاکہ انسانی صحت اور روزمرہ زندگی پر پڑنے والے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More