پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے شیڈول کا اعلان

ہم نیوز  |  Jul 06, 2020

لاہور:  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے شیڈول کی تصدیق کردی ہے جس میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائے گے۔

پی سی بی کے مطابق سیریز کا ابتدائی ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اگست تک اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ طویل طرز کی کرکٹ کے اگلے دونوں میچز ایجز باؤل ساؤتھمپٹن میں کھیلے جائیں گے۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 13 سے 17 اگست جبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک جاری رہے گا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان کیخلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا شیڈول جاری کردیا، پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کیخلاف 5 اگست سے یکم ستمبر کے درمیان مانچسٹر اور ساؤتھمپٹن میں میچز کھیلے گی۔

ای سی بی کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز پانچ اگست سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ پر پہلے ٹیسٹ کے ساتھ شروع ہوگی۔ مانچسٹر ٹیسٹ کے بعد ٹیمیں ساؤتھمپٹن روانہ ہوگی جہاں دوسرا ٹیسٹ تیرہ اگست اور تیسرا ٹیسٹ اکیس اگست سے شروع ہو گا۔

ساؤتھمپٹن میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلئے ایک بار پھر مانچسٹر آئیں گی۔

مانچسٹر میں ٹی ٹوئنٹی میچز 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو ہوں گے۔ پہلا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی ڈے نائٹ ہوگا جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی دن کے وقت میں ہی مکمل ہوجائے گا۔

سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم پہلے ہی انگلینڈ پہنچ چکی ہے اور اس وقت ووسٹر میں ابتدائی قرنطینہ اور ٹریننگ کیلئے موجود ہے جہاں سے ٹیم تیرہ جولائی کو ڈربی روانہ ہوگی، ڈربی میں پاکستان کرکٹ ٹیم باضابطہ ٹریننگ کرے گی جس میں دو انٹر اسکواڈ چار روزہ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ تمام میچز بغیر کراوڈ کے، بائیو سیکیور ماحول میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل انگلش ٹیم ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ سے بھی سیریز کھیلے گی۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹوم ہیرسن کا کہنا ہے کہ ای سی بی پاکستان کرکٹ بورڈ، پاکستانی کرکٹرز اور سپورٹ اسٹاف سمیت آئرلینڈ اور ویسٹ انڈین حکام کا بھی کا شکر گزار ہے کہ انہوں نے انگلینڈ میں کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More