پانی کے مسئلے پر عالمی عدالت نے دو ٹوک فیصلہ سنا دیا۔۔ بھارت کو کیا ہدایت کی؟

ہماری ویب  |  Aug 12, 2025

بین الاقوامی ثالثی عدالت (پرمننٹ کورٹ آف آربیٹریشن) نے اپنے فیصلے میں بھارت کو ہدایت دی ہے کہ وہ مغربی دریاؤں چناب، جہلم اور سندھ کا پانی پاکستان کے بلا رکاوٹ استعمال کے لیے بہنے دے۔ عدالت نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ حتمی ہے اور دونوں فریقوں پر لازم ہوگا جبکہ بھارت کو زیادہ سے زیادہ پانی ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

یہ فیصلہ 8 اگست کو سنایا گیا اور اب عدالت کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کے لیے دی گئی رعایتیں معاہدے میں درج شرائط کے مطابق ہونی چاہییں . عدالت کی رائے ڈیمز کے آؤٹ لیٹس، گیٹڈ اسپِل ویز، ٹربائن انٹیک اور فری بورڈ سے متعلق پاکستان کے مؤقف کے عین مطابق قرار پائی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس فیصلے کو پاکستان کے تاریخی مؤقف کی توثیق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت کے حالیہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے اعلان کے پس منظر میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا پابند ہے اور توقع رکھتا ہے کہ بھارت فیصلے پر فوری اور دیانت داری سے عمل کرے گا۔

یاد رہے کہ بھارت نے اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے پہلگام حملے کے بعد سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا جسے پاکستان نے یکسر مسترد کرتے ہوئے معاہدے کی یک طرفہ معطلی کو جنگی اقدام قرار دیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More