خیبر پختونخوا : سرکاری زمینوں پر قبضے اور بدعنوانی کے خلاف نیب متحرک، ریکارڈ طلب

ہماری ویب  |  Aug 19, 2025

قومی احتساب بیورو نے خیبر پختونخوا میں سرکاری اراضی پر غیرقانونی قبضوں، جعلی دعوؤں اور بدعنوانی کے خلاف بڑی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ کارروائی کے دوران ریاستی زمینوں کے لین دین کی جانچ اور غیرقانونی قبضہ کرنے والوں بدعنوان عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

نیب نے سیکرٹری جنگلات خیبر پختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ ریاستی زمینوں کے انتظام، الاٹمنٹ اور تحفظ سے متعلق تمام قوانین، ضوابط، پالیسیوں اور سرکاری نوٹیفکیشنز کی مکمل دستاویزات فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں محکمے کے قیام کی قانونی بنیاد، زیرانتظام جنگلات، اداروں اور پارکس کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

نیب کے خط کے مطابق ماضی میں بحالی ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے مہاجرین کی آبادکاری اور ان کی جائیدادوں کے انتظام کا نظام بنایا گیا تھا تاہم یہ عمل وقت کے ساتھ جعلی دعوؤں، من مانی زمینوں کی تقسیم اور افسران کی ملی بھگت سے بدعنوانی کا مرکز بن گیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی اصلاحات کی گئیں اور ذمہ داریاں بورڈ آف ریونیو کو منتقل ہوئیں لیکن ریاستی زمینوں پر غیرقانونی قبضہ اور غلط استعمال کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

محکمہ جنگلات کو ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ ریکارڈ کی دو تصدیق شدہ کاپیاں 15 روز کے اندر نیب ہیڈکوارٹر بھیجی جائیں جن پر کم از کم گریڈ 20 یا اس سے اوپر کے افسر کے دستخط لازمی ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے محکمہ جنگلات سے ان زمینوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے جو 39 سال کیلئے لیز پر دی گئی ہیں۔ ہزارہ ڈویژن میں محکمہ جنگلات کی درجنوں کنال زمین جو سیاسی بنیادوں پر لیز کی گئی، اس کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں قائم لینڈ ڈائریکٹوریٹ ریاستی زمینوں سے متعلق تمام معاملات کی تفتیش کرے گا اور اسی مقصد کے تحت خیبر پختونخوا سے تفصیلی ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More