بلوچستان میں مون سون بارشوں سے تباہی، 22 افراد جاں بحق، بی بی نانی پل جزوی بحال

ہماری ویب  |  Aug 19, 2025

بلوچستان میں جاری مون سون بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 22 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوئے۔ دوسری جانب قومی شاہراہ این-65 پر بی بی نانی پل کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے تاہم بھاری ٹریفک پر مکمل پابندی عائد ہے۔

ڈپٹی کمشنر کچھی کے مطابق پل فی الحال صرف ہلکی ٹریفک کے لیے کھولا گیا ہے مکمل بحالی میں چار روز لگ سکتے ہیں۔ عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔ عوام کی حفاظت کے لیے ایف سی اور لیویز فورس کو پل پر تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ بھاری ٹریفک کو روکا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق زیادہ تر اموات سیلابی ریلے میں بہہ جانے، ڈیم میں ڈوبنے، دیوار و چھت گرنے اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث ہوئیں۔ بولان میں بی بی نانی پل کو شدید نقصان پہنچا جس کے باعث شاہراہ کو بند کرنا پڑا تھا۔

ژوب میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے تین خواتین اور ایک بچہ جاں بحق ہوئے، زیارت میں تین خواتین ڈیم میں ڈوب گئیں، موسیٰ خیل اور کوہلو میں کرنٹ لگنے سے دو بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔ لسبیلہ اور لورالائی میں دیوار گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوئے، خضدار میں دیوار گرنے اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے چھ افراد جاں بحق ہوئے جن میں تین بچے بھی شامل تھے۔ دکی میں چار بچیاں سیلاب کی نذر ہوئیں جبکہ ہرنائی میں چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں سے 83 مکانات متاثر ہوئے جن میں 14 مکمل طور پر تباہ اور 69 کو جزوی نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ 357 سولر پینلز اور 4 سرکاری عمارتیں بھی متاثر یا تباہ ہوئیں۔

ادھر قلات کے علاقے پندران میں شدید بارش اور سیلابی ریلے نے گھروں اور اسکولوں کو نقصان پہنچایا، پانی کئی گھروں میں داخل ہوگیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More